Medically reviewed by Dr. Unsa Mohsin.
کوکونٹ یعنی ناریل کی افادیت سے کسی کو انکار نہیں، اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے یہ ایک ایسی نعمت ہے جس کی کوئی بھی چیز بےکار نہیں ہے،صحت اور جلد کی حفاظت کے لیے اس کا کوئی ثانی بھی نہیں ہے۔
کوکونٹ اونچے اونچے درختوں میں لگنے والا وہ پھل ہے جس میں ٹھنڈا اور شیریں پانی موجود ہوتا ہے اور موسم گرما میں یہ ایک عجیب لطف دیتا ہے، پیاس بجھاتا ہے اور گرمی کے احساس کو کم کرتاہےجس کا اعتراف جدید سائنس بھی کر چکی ہے۔
کوکونٹ کی خاصیت یہ ہے کہ اس کی چھال، بال، گودا، پانی اور اس سے حاصل کیے جانے والاآئل حیرت انگیز طور پر صحت، جلد، ناخن اور بالوں کے لیے فائدہ مند ہے۔اس کے گودے اور اس کے مِلک میں جلد کو نمی پہنچانے والے ایسے اجزاپائے جاتےہیں جن کے استعمال سے جلد چکنی اور چمک دار نظر آتی ہے۔
جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آچکی ہے کہ کوکونٹ مجموعی طور پر جلد کے لیے فوائد سے بھرپور ہے۔یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں جلد کی حفاظت اور میک اپ کے لیے تیار کی جانے والی مصنوعات میں کوکونٹ کا استعمال باقاعدہ طور پر کیا جاتا ہے، کیوں کہ یہ جلد کے لیے بہت سے حوالوں سے فائدہ مند ہے۔
کوکونٹ میں موجود اجزا
کوکونٹ میں قدرتی طور پر اینٹی بیکٹیریا، اینٹی ٹاکسائیڈ، اینٹی فنگل جیسے اجزا شامل ہوتے ہیں اور یہ مختلف وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے۔
کوکونٹ آئل جلد کے لیے
کوکونٹ آئل جلد کی بہترین حفاظت کرنا جانتا ہے یہی وجہ ہے کہ اگر اس کو روٹین میں شامل کرلیا جائے تو جلد حسین، روشن، شاداب اور چمک دار نظرہوجاتی ہے اور دیکھنے والے کی نظر ہٹنے کا نام نہیں لیتی۔
جلد کی حفاظت کے لیے کوکونٹ آئل اہم
٭ کوکونٹ آئل جلد کو لمبی عمر دیتا ہے، اس کا استعمال وقت سے پہلے بڑھاپا طاری ہونے نہیں دیتا۔
٭ جلد پر اگر کسی قسم کی خارش ہے یا دانے نکل آئے ہیں تو کوکونٹ آئل لگانے سے وہ ختم ہوجاتے ہیں۔
٭ جلد پر داد اور خارش کے نشان جو وقت گزرنے کے بعد بھی ختم ہونے کا نام نہیں لیتے، اگر ایسی صورت میں روزانہ کوکونٹ آئل کو کسی ماہر کے مشورے کے مطابق ان پر لگایا جائے تو جلد سے نشان صاف ہوجاتے ہیں۔
٭ ایسی خواتین جو ملازمت پیشہ ہیں اور روز میک اپ کرنا ان کے لیے لازمی ہے اگر وہ چہرے پر کوکونٹ آئل کا استعمال کریں تو میک اپ کے بعد ان کا حسن مزید نکھر سکتا ہے۔
٭ کوکونٹ آئل کو اگر روٹین میں شامل کر کے جلد کو موائسچرائز اور صاف رکھا جاسکتا ہے۔
٭ کوکونٹ آئل میک اپ کو نہایت عمدگی سے صاف کرتا ہے اگر مسکارا اور آئی میک اپ صاف کرنا ہو تو یہ ایک بہتر آئل ہے۔
کوکونٹ آئل کے دیگر استعمال
٭ کوکونٹ آئل جلد کے بیرونی استعمال کے علاوہ کھانے پکانے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔
٭ کوکونٹ آئل میں پکائے گئے کھانے صحت کو مٹاپے سے بچاتے ہیں، اور جسم میں چکنائی کو بڑھنے نہیں دیتے۔
٭ روزمرہ تیار کیے جانے والے ایسے کھانے جن میں مکھن کا استعمال لازمی ہو کوکونٹ آئل اس کا بہترین نعم البدل ہے۔
٭ یہ چکنائی سے پاک ہوتا ہے اور جسم میں چربی بننے نہیں دیتا۔
٭ کوکونٹ آئل میں تیار کیے گئے کھانے جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔
سرد موسم میں کوکونٹ آئل کے فوائد
٭ سردیوں میں کوکونٹ آئل استعمال کرنے سے جسم اور جلد سوزش سے دور رہتی ہے۔اس سے چہرے کی ایکنی ختم ہوجاتی ہے۔
٭ رات کو کوکونٹ آئل سے نہانے سے طبیعت ہشاش بشاش رہتی، سستی دور ہوتی ہے اور تھکن کا احساس نہیں رہتا۔
٭ اس کے استعمال سے بال نرم و ملائم، چکنے اور خشکی سے پاک رہتے ہیں۔
٭ ایسی خواتین اور مرد جن کی جلد ہمیشہ سے خشکی کا شکار ہو ان کو چاہیے کہ وہ کوکونٹ باتھ ضرور لیا کریں، تاکہ ان کی جلد نرم و ملائم اور چمک دار رہے۔
کوکونٹ آئل کے استعمال سے جلد میں تنائو پیدا ہوتا ہے اور جلد جھریوں سے نجات حاصل کرتی ہے۔اس کے علاوہ جلد گرد و غبار سے بھی محفوظ رہتی ہے۔
پگمنٹیشن سے نجات کے لیے
چہرے کو پگمینٹشن سے بچانے کے لیے ایک چمچ کوکونٹ آئل میں ایک چائے کا چمچ ایلوویراشامل کر کے دونوں کو اچھی طرح مکس کرلیں۔پھر اس پیسٹ کو جس جگہ چہرے پر پگمینٹیشن ظاہر ہو وہاں کچھ دیر کے لیے لگا چھوڑ دیں ، پھر پانی سے اچھی طرح دھو لیں، کم سے کم ایک ہفتے تک یہ سلسلہ جاری رکھیں۔چہرے سے پگمینٹشن مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے اور چہرہ گلاب کی طرح کھل اٹھے گا۔
جھریوں سے نجات کے لیے
کوکونٹ آئل کے چند قطرے ماتھے اور چہرے پر ٹپکائیں اور پھر ہلکے ہلکے ہاتھوں سے کچھ دیر تک مساج کریں، یہاں تک کہ آئل جلد میں اچھی طرح جذب ہوجائے۔یہ عمل ہر روز رات کو سونے سے پہلے کریں، ماتھے سے جھریاں ختم ہوجائیں گی۔کوکونٹ آئل جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور جلد کو صحت مند بھی بناتا ہے۔
فرخ اظہار