Dawaai Blog

ناشتے کےلیے سات بہترین غذائیں

Immune System

Medically reviewed by Dr. Unsa Mohsin.

ناشتہ انسانی صحت کے لیے کھانے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ رات بھر نیند لینے کے بعد جب انسان نئی صبح اور نئے سورج کا سامنا کرتاہے تو اسے دن بھر کی محنت اور مشقت کے لیے غذائیت سے بھرپور ناشتے کی ضرورت ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق صبح کا ناشتہ بہت ضروری ہے، اس سے جسم کو توانائی حاصل ہوتی ہے ، ذہن تازہ رہتا ہے اور اعصاب  مضبوط ہوتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہمارے یہاں ناشتے کو خاص اہمیت دی جاتی ہے تاکہ صحت درست اور ملازمت پیشہ افراد کی کارکردگی بہتر رہے۔

مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ بچوں سے لے کر بڑوں تک اکثر ناشتہ کرنے کے چور ہوتے ہیں، ان کی طبیعت میں صبح کے ناشتے کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، بچے اسکول جانے سے پہلے ناشتہ کرنے سے گریز کرتے ہیں اور پھر سارا دن بھوک میں گزار دیتے ہیں جو غلط ہے۔

اسی طرح بڑے افراد صبح کے ناشتے سے فرار حاصل کر کے دفتری معاملات میں مصروف ہوجاتے ہیں، یا پھر ایک کپ خالی پیٹ چائے پی کر گھر سے دفتر کے لیے روانہ ہوجاتے ہیں، جس سے ان کی صحت اور کاکردگی متاثر ہوتی ہے اور ان کو اس کا احساس تک نہیں ہوتا۔

دیکھا جائے تو کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو بغیر ناشتہ کیے گھر سے نکلنے کا تصور بھی نہیں کرتے، درحقیت وہی لوگ صحت کے حوالے سے تندرست ، توانا اور چاق و چوبند نظر آتے ہیں۔یہی نہیں عمر کے آخری حصے میں بھی ان کی صحت ان کا ساتھ دیتی ہے اور اس کی وجہ ہوتی ہے زندگی بھر پیٹ بھر کے ناشتے کی عادت۔

قدرت نے انسان کے لیے ایسی ایسی غذائیں عطا کی ہیں اس کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔خاص طور پر انسان کی طبیعت اور مزاج بھی ایسا بنایا ہے جو تبدیلی چاہتا ہے اور موسم کے لحاظ سے کھانے پینے کو ترجیج دیتا ہے۔

 سخت گرمیوں میں زیادہ کھانے کو دل نہیں چاہتا اور خاص طور پر ناشتے سے طبیعت میں اکتاہٹ اور بھاری پن محسوس ہوتا ہےجب کہ موسم سرما میں بھوک بھی زیادہ لگتی ہے اور غذائیت سے بھرپور ہر طرح کا ناشتہ کرنے کو طبیعت مائل رہتی ہے۔

ناشتہ ضرور کیا جائے لیکن اگر یہ بات جان لی جائے کہ کون سی غذائیں ناشتے میں زیادہ فائدہ پہنچاتی ہیں تو تندرستی کی ضمانت بھی حاصل ہوجاتی ہے اور مختلف قسم کی غذائوں کے ذائقے بھی زبان سے آشنا ہوتے رہتے ہیں۔

جدید تحقیق کے مطابق صبح کا ناشتہ کاربوہائٹریٹ ، فائبر اور پروٹین سے بھرپور ہونا چاہیے، تاکہ جسم کو یہ سب کچھ باآسانی حاصل ہوتا رہے اوردن بھر کے کام کاج کے بعد بھی کسی قسم کی تھکن کا احساس نہ ہو۔

موسم گرما میںغذائیت سے بھرپور ناشتے

دلیہ

ایسی غذا جو طاقتور بھی ہو اور جلدی ہضم بھی ہوجائے ان میں دلیہ خاص ہے۔ غذائیت سے بھرپور یہ ایسی غذا ہےجو جسم کو تقویت پہنچانے کے علاوہ بیماری کے دوران کھوئی ہوئی طاقت کو بحال کرنے کا بھی اہم نسخہ ہے۔ناشتے میں ہلکی پھلکی غذا کے طور پر دلیے کو شامل کریں اس سے صحت بھی اچھی رہتی ہے اور توانائی بھی حاصل ہوتی ہے۔

دہی 

ویسے تو دہی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ کیلشیم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ دہی کے حوالے سے کی جانے والی اب تک کی تقریباً تمام تحقیقات میں دہی کے فوائد ہی سامنے آئے ہیں، دہی پروٹین کے حصول کا بھی ذریعہ ہے، اگر ناشتے میں ایک پیالہ دہی کھالیا جائے تو دن بھر گرمی کی شدت کا احسا س نہیں رہتا۔

تازہ پھلوں کے جوس

گرمیوں کے موسم میں زیادہ تر کھانے سے زیادہ پینے کو دل چاہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ موسم گرما میں ایسے پھل سامنے آتے ہیں جن میں پیاس بجھانے کی صلاحیت کے علاوہ جسم میں پانی کی کمی کو دور کرنے کی بھی طاقت ہوتی ہے۔ناشتے میں اگر ایک گلاس کسی تازہ رس دار پھل کا جوس پی لیا جائے تو جلد، صحت اور توانائی دیکھنے کے قابل ہوتی ہے۔

موسم سرما کے بہترین ناشتے

سردیوں کے موسم میں بھوک بھی زیادہ لگتی ہے اور پیٹ بھر کے کھانے کو دل بھی چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسی غذائیں جو جلدی ہضم ہونے کی صلاحیت نہیں رکھتی ، موسم سرما میں ان کو کھانا فائدہ مند ہوتا ہے۔

انڈا

انڈے سے پروٹین حاصل ہوتا ہے اور اگر ناشتے میں روٹی، پراٹھے یا ڈبل روٹی کے ساتھ انڈا کھایا جائے تو جسم میں پروٹین کی کمی ختم ہوجاتی ہے،پیٹ کے بھر جانے کا احساس بھی کافی دیر تک رہتا ہے۔انڈا سردی بھی ختم کرتا ہے ، ناشتے میں اگر ایک انڈا ابال کر کھایا جائے تو سردی محسوس نہیں ہوتی۔

حریرہ

حریرہ سوجی سے تیار کی جانے والی غذا ہے، سوجی اپنے اندر حیرت انگیز طاقت رکھتی ہے ، اس کے فوائد سے اکثر لوگ ناواقف ہیں۔حریرہ بہترین قوت بخش غذا ہے ، خاص طور پر موسم سرما میں اسے ناشتے میں پینے سے جسم کو حرارت حاصل ہوتی ہے اور سر میں جما ہوا نزلہ ختم ہوجاتا ہے، حریزہ کھانسی اور زکام میں بھی مفید ہے۔

مکھن اور شہد

اکثر مکھن اور شہد کو ملا کر بھی کھایا جاتا ہے، یہ دونوں اپنے اندر خاص طاقت رکھتے ہیں۔موسم سرما میں ناشتے میں اس کا استعمال عام دنوں کی نسبت زیادہ کیا جاتا ہے، خاص طور پر ایسے علاقے جہاں سردی زیادہ پڑتی ہے وہاں خالص شہد اور مکھن جسم کو گرمائی پہنچاتا ہے۔ناشتے میں اس کا استعمال بہترین غذا سمجھی جاتی ہے۔

ساگو دانے کی کھیر

ساگو دانے کی کھیر کمزور جسم کے لیے بہت فائدہ مندہ ہے، ناشتے میں اگر ایک پیالہ ساگو دانے کی کھیر کا کھالیا جائے تو دن بھر بھوک کا احساس نہیں رہتا، ساگو دانہ جسم میں خون بناتا ہے اور وزن بڑھاتا ہے۔ناشتے میں اس کے استعمال سے چہرے کی تازگی بھی برقرار رہتی ہے اور جلد بھی روشن اور چمک دار نظر آتی ہے۔

فرخ اظہار

Share:

Facebook
Twitter
Pinterest
LinkedIn

Related Posts

مردوں میں بانچھ پن

Medically reviewed by Dr. Muhammad Ashraf Shera. اولاد سے بڑی دنیا میں شاید ہی کوئی نعمت ہو، انسان اولاد کے حصول کے لیے اپنی سی

Scroll to Top