Medically reviewed by Dr. Unsa Mohsin.
کھانے پینے کا نظام قدرت کی طرف سے عطا کردہ ہے تاکہ انسان وقت پر پیٹ بھر کے کھانا کھائے جس سے جسم کی بہترین نشوونما ہوسکے اور صحت برقرار رہے۔انسانی صحت جتنی اچھی ہوگی روزمرہ کے کام بھی اتنے ہی سکون اور آسانی سے انجام کو پہنچیں گے۔
ہمارے جسم کو مخصوص اوقات میں مخصوص چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے بارے میں جاننا اور اس پر عمل کرنا ہر انسان کے لیے ضروری ہے تاکہ تندرستی ہزار نعمت ثابت ہوسکے اور ڈاکٹرز کے پاس کم سے کم جانے کا موقع ملے۔
دن بھر کے کھانے کے اوقات اپنی جگہ لیکن ناشتے کی ہر لحاظ سے ایک خاص اہمیت ہے۔ پیٹ اور معدہ جب خالی ہوتا ہے تو اس پر کھائی جانے والی غذائیں زیادہ اثر کرتی ہیں۔اگر غذا جسم کے لیے فائدہ مند ہے تو صحت اچھی بنا دیتی ہے اور اگر غذا خالی پیٹ نقصان دہ ہے تو پھر کسی نئی بیماری سے دوچار کردیتی ہے۔
ناشتے کی اہمیت
صبح کا ناشتہ جسم کو تقویت پہنچاتا ہے اور دن بھر کی مشقت کے لیے بھرپور تعاون کرتا ہے۔اسکول جانے والے بچے اور دفاتر جانے والے بڑے افراد سب کے لیے ناشتہ بہت ضروری ہے۔ناشتے سے فوری طور پر توانائی ملتی ہے جس سے جسم میں طاقت آتی ہے اور کارکردگی اچھی رہتی ہے۔
رات بھر کا خالی معدہ صبح کے ناشتے کے لیے ہم سے بھی پہلے تیار رہتاہے یہی وجہ ہے کہ ماہرین اس بات پر زیادہ توجہ دیتے ہیں کہ ہلکی پھلکی غذا کو ناشتے کا حصہ بنانا عقل مندی نہیں ۔ناشتے میں ٹھوس غذا دن بھر کے لیے بہت حد تک کافی ہوتی ہے۔
ناشتے میں مفید غذائیں
کچھ غذائیں ایسی ہیں جو ہمارے یہاں روزمرہ استعمال کی جاتی ہیں ان کے کچھ فوائد بھی ہیں کچھ نقصانات بھی۔ اگر یہ بات جان لی جائے تو ناشتے میں غذائوں کا انتخاب بھی آسان ہوجائے اور صحت بھی اچھی اور تندرست رہے۔
لسی
لسی طاقت سے بھری وہ غذا ہے جو جسم میں داخل ہو کر فوری توانائی فراہم کرتی ہے۔ اکثر گائوں اور دیہات میں دیکھا گیا ہے کہ ناشتے میں لسی پی جاتی ہے جو معدے کو بھی تقویت دیتی ہے اور جلد کو بھی خوبصورت بناتی ہے۔ دودھ اور دہی سے تیار کی جانے والی لسی گرمیوں میں نہایت فائدہ مند ہے۔
پھلوں کا جوس
پھلوںمیں پائے جانے والے قدرتی اجزا انسانی جسم کے لیے حیرت انگیز ثابت ہوتے ہیں۔وہ افراد جو ناشتہ کرنے کے چور ہوتے ہیں وہ پھلوں کا جوس ناشتے میں پیتے ہیں اور وہ سب کچھ حاصل کرلیتے ہیں جو جسم کے لیے نہایت ضروری ہوتا ہے۔پھلوں میں وٹامنز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بیماری کے دوران بھی ڈاکٹرز پھل کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
انڈا
انڈا وہ غذا ہے جو پروٹین کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے یہاں ناشتے میں انڈا زیادہ کھایا جاتا ہے اور موسم سرما میں تو اس کا استعمال اور بڑھ جاتا ہے۔انڈا ڈبل روٹی کا ناشتہ ہلکا بھی تصور کیا جاتا ہے اور غذائیت سے بھرپور بھی۔لہذااگر ناشتے میں انڈا ڈبل روٹی کا استعمال کیا جائے تو جسم متحرک اور چست رہتا ہے۔
دہی
دہی اپنے اندر ایسے کمالات رکھتی ہے کہ انسانی عقل دنگ رہ جائے۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق دہی کا مستقل استعمال درازی عمر کا سبب بھی بناتا ہے۔ دہی میں کیلیشم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ انسانی جسم کے لیے بہت ضروری ہے۔ناشتےمیں اگر ایک پیالی دہی کھالی جائے تو دن بھر پیاس کی شدت سےمحفوظ رہا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ دہی موٹا ہونے سے بھی بچاتی ہے اور صحت، جلد، دانت اور بالوں کو بھی حسین اور خوبصورتی بناتی ہے۔
دلیہ
یہ طاقت کا ایسا خزانہ ہے جو اکثر بیماری کے بعد اور بیماری میں مریض کو دیا جاتا ہے۔دلیے میں پروٹین اور بہت سے ایسے اجزا شامل ہوتے ہیں جو جسم میں پہنچ کر اچھی صحت کا سبب بنتے ہیں۔ناشتے میں دلیے کا استعمال بظاہر ہلکا پھلکا محسوس ہوتا ہے لیکن معدے اور پیٹ کو ایسا سیر کردیتا ہے کہ کافی دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہوتا۔
کیلا
کیلا بلا شبہ ایک طاقت ور پھل ہے، لیکن ناشتے میں اس کی کوئی مثال نہیں۔کچھ ماہرین کے مطابق توکیلا بھوک کا دشمن ہے، یہ
بہت دیر تک بھوک کا احساس ہی نہیں ہونے دیتا۔یہ کاربو ہائڈریٹس کا بہترین ذخیرہ ہے۔اسے کاٹ کر دلیے کے ساتھ کھانے سےسے ذائقہ بھی اچھا ہوتا ہے اور صحت بھی۔
فرخ اظہار